کوئٹہ(این این آئی)صوبائی کابینہ نے میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں شہریوں کی سہولت اور نظام میں بہتری کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے بلوچستان لوکل کونسل سروس رولز 1981ء میں ضروری ترامیم کر دی ہیں۔ یہ ترامیم سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی حکومتِ بلوچستان عبدالرؤف بلوچ کی منظوری سے عمل میں لائی گئی ہیں۔محکمہ بلدیات و دیہی ترقی حکومتِ بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق، برتھ (پیدائش) اور ڈیتھ (وفات) سرٹیفکیٹس سے متعلق فیسوں اور قواعد و ضوابط میں واضح کمی کی گئی ہیں، جس کا مقصد عوام کو بہتر، شفاف اور آسان خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔سیکرٹری محکمہ بلدیات و دیہی ترقی عبدالرؤف بلوچ کے مطابق ان اصلاحات سے شہریوں کو قانونی دستاویزات کے حصول میں آسانی ہوگی اور غیر ضروری پیچیدگیوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ عوام سے گزارش ہے کہ نئی فیسوں اور قواعد سے آگاہی کے لیے اپنے متعلقہ لوکل کونسل یا محکمہ بلدیات کے دفتر سے رجوع کریں۔یہ اقدام حکومتِ بلوچستان کے اس عزم کا مظہر ہے کہ عوامی خدمات کو جدید تقاضوں کے مطابق مؤثر اور عوام دوست بنایا جائے۔

