اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل محمد ہمایوں خان نے سندھ حکومت کے ملاکنڈ میں ترقیاتی منصوبوں کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی جانب سے ملاکنڈ کے عوام کے لیے گرلز کالج اور ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کی منظوری ایک تاریخی، عوام دوست اور انقلابی اقدام ہے،یہ منصوبے بلاول بھٹو زرداری کی ملاکنڈ کے عوام سے والہانہ محبت، خلوص اور بے لوث عوامی خدمت کے عزم کا عملی ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ضلع مالاکنڈ میں گرلز کالج اور خواتین کے لیے ووکیشنل ٹریننگ سینٹر کی تعمیر کا عمل تیزی سے جاری ہے جس پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہاکہ جو بالخصوص خواتین کی تعلیم، ہنرمندی اور معاشی خودمختاری کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ یہ منصوبے ملاکنڈ کے عوام کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی بلا تفریق ملک بھر میں عوام کی فلاح و بہبود، خصوصاً خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی گزشتہ حکومت کے دور میں ملاکنڈ میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کیا گیا جبکہ گزشتہ تیرہ سالوں میں صوبائی حکومت عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی۔ ہمایوں خان نے کہاکہ اس عرصے میں ملاکنڈ کے عوام سے محض جھوٹے وعدے کیے گئے اور انہیں مسلسل ورغلایا جاتا رہا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور عوام کی حقیقی خدمت کو اپنی سیاست کا محور سمجھتی ہے۔

