بھٹو شہید پاکستان کے محروم، مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کی لازوال آواز ہیں،بلاول بھٹوزرداری

کراچی(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو انکے یومِ پیدائش کے موقع پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھٹو شہید پاکستان کے محروم، مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کی لازوال آواز ہیں۔ میڈیا سیل بلاول ہاس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ قائدِ عوام نے عوام کو وقار، شناخت اور امید دی اور یہ انقلابی سوچ متعارف کروائی کہ اصل طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روٹی، کپڑا اور مکان کے فلسفے سے لے کر 1973 کے متفقہ آئین تک، بھٹو شہید نے غریب عوام کے خوابوں کو ریاستی ایجنڈا بنایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے ناقابلِ تسخیر دفاع کی بنیاد بھی شہید بھٹو نے ایٹمی پروگرام کا آغاز کر کے رکھی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھٹو شہید کی شہادت ان کے نظریات کو خاموش نہ کر سکی، جو آج بھی نسل در نسل ظلم، جبر اور ناانصافی کے خلاف جدوجہد کا حوصلہ عطا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا مزید کہا کہ دار و رسن پر بھی قائدِ عوام نے پاکستان کو جرات، خودمختاری اور امید کا ایک دائمی ورثہ عطا کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کے مطابق ایک جمہوری، منصفانہ اور عوام دوست پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو ہر اس آواز میں زندہ ہیں جو حقوق کی بات کرتی ہے، ہر اس مطالبے میں جو مساوات کے لیے اٹھتا ہے اور ہر اس خواب میں زندہ ہیں جو ایک ہمدرد، جمہوری اور سربلند پاکستان کا تصور رکھتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں