پنجاب کو زیادہ حصہ ملنے کا تاثر غلط، عوام کا پیسہ عوام پر ہی لگایا جاتا ہے، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب کو زیادہ حصہ ملنے کا پروپیگنڈا کیا جاتا ہے جبکہ ہر صوبے کو برابر کا شیئر مل رہا ہے، طلبا اس بہکاوے میں نہ آئیں کیونکہ ہم عوام کا پیسہ عوام پر لگاتے ہیں جبکہ دیگر صوبوں میں یہی فرق ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے وفد نے ملاقات کی۔ نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے وفد میں بلوچستان کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء اور طالبات شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے وفد میں شامل تمام طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے کا اعلان کیا اور وزیراعلیٰ کی جانب سے طلبا کو بلوچ چادرپہنائی گئی۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں لوگ دیگر صوبوں سے روزگار اور بہتر مواقع کی تلاش میں آتے ہیں، ہم نے سب کیلئے دل کے دروازے کھولے ہیں، اسپتالوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں سب صوبوں کے لوگ مستفید ہورہے ہیں، پنجاب کے چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام سے دوسرے صوبوں سے آنے والے بچے بھی مستفید ہوئے، ہزار بیڈ کا نواز شریف کینسر ہسپتال اس لیے بنایا تاکہ پنجاب ہی نہیں پاکستان بھر کے لوگ مستفید ہوں، کبھی سندھی، پنجابی یا کشمیری کا فرق نہیں رکھا، ہم سب پاکستانی ہیں۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب اور دیگر صوبوں میں دیگر انفرا اسٹرکچر اور ترقی کا فرق واضح نظر آتا ہے، پنجاب کو زیادہ شیئر ملنے کا پروپیگنڈا غلط ہے، ہر صوبے کو شیئر مل رہا ہے، پنجاب کے پاس پیسے ہیں طلباء کبھی اس بہکاوے میں نہ آئیں، پنجاب میں عوام کا پیسہ عوام پر ہی لگایا جاتا ہے دوسرے صوبوں سے یہی فرق ہے، گڈگورننس سے بہتر کوئی سیاست نہیں ہوسکتی، سیاست پروٹوکول لینے کا نام نہیں بلکہ عوام کی خدمت اور محنت کرنے کا کام ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں