اوتھل،غیرقانونی ایرانی پٹرول پمپ میں آگ بھڑک اٹھی، ایک شخص زخمی

اوتھل (این این آئی)اوتھل شہر میں المکہ ہوٹل کے قریب قائم غیر قانونی ایرانی پٹرول پمپ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے باعث علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اوتھل حاجی محمد خان دودا فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور خود امدادی کارروائیوں کی نگرانی سنبھال لی۔ ان کے ہمراہ وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی وسیم خاصخیلی بھی موجود تھے۔آگ لگنے کے فوری بعد میونسپل کمیٹی کی فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور چیف آفیسر کی براہ راست ہدایات پر بروقت، منظم اور پیشہ ورانہ کارروائی کرتے ہوئے آگ کو پھیلنے سے قبل ہی قابو میں کر لیا گیا۔ فائر بریگیڈ کی تیز رفتار کارروائی کے باعث ایک بڑے جانی و مالی نقصان سے بچاؤ ممکن ہو سکا، کیونکہ پٹرول پمپ کے اطراف تجارتی مراکز واقع ہیں۔حادثے کے دوران ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی جسے فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (DHQ) اسپتال اوتھل منتقل کیا گیا، جہاں اسے ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔عینی شاہدین کے مطابق آگ لگنے کی ابتدائی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی جا رہی ہے۔ شہریوں نے چیف آفیسر حاجی محمد خان دودا کی بروقت موجودگی اور فعال قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر انتظامیہ فوری طور پر موقع پر نہ پہنچتی تو یہ واقعہ ایک بڑے سانحے کی شکل اختیار کر سکتا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں