کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا اجلاس میں مشیر بلدیات نوابزادہ بابا امیر حمزہ زہری، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات زاہد سلیم، پرنسپل سیکرٹری بابر خان، سیکرٹری خزانہ عمران زرکون، کمشنر کوئٹہ ڈویڑن شاہ زیب کاکڑ، پروجیکٹ ڈائریکٹر کوئٹہ ڈویلپمنٹ پروجیکٹ رفیق بلوچ، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے سی ای او ڈاکٹر فیصل خان، صفا کوئٹہ کے حکام سمیت سمیت متعلقہ محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی اجلاس کے دوران صفا کوئٹہ انتظامیہ اور کوئٹہ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شہر میں جاری صفائی انتظامات، درپیش مسائل اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی بریفنگ میں صفائی کے موجودہ نظام، وسائل کے استعمال اور کارکردگی سے متعلق مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور مشیر بلدیات نے کوئٹہ میں صفائی کی مجموعی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ذمہ داران کو ہدایت کی کہ صفائی کے نظام میں فوری، مؤثر اور عملی بہتری لائی جائے اور زمینی حقائق کے مطابق نتائج یقینی بنائے جائیں اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی رائے اور صفائی کی مجموعی کارکردگی جانچنے کے لیے غیر جانبدارانہ سروے کرایا جائے گا، تاکہ عوامی شکایات اور زمینی صورتحال کی درست نشاندہی ممکن ہو سکے وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے صفائی سے متعلق شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایک تیز رفتار اور مؤثر شکایتی نظام قائم کرنے کا بھی حکم دیا، تاکہ شہریوں کو بروقت ریلیف فراہم کیا جا سکے اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ ڈسٹ بین اور مقررہ مقامات کے بجائے کھلے مقامات پر کچرا پھینکنے والوں کے خلاف سخت کارروائی اور جرمانے عائد کئے جائیں گے کوئٹہ سیف سٹی کے کیمروں کے ذریعے عوامی مقامات پر کچرا پھینکنے والے افراد کی نشاندہی کی جائے گی تاکہ قانون پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ کی صفائی پر کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی انہوں نے کہا کہ عوام کی رائے کو فوقیت دیتے ہوئے مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے ہوں گے عوام کے ٹیکس کا پیسہ عوام کی سہولیات پر خرچ کرنا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ صاف، صحت مند اور منظم کوئٹہ صوبائی حکومت کے عزم کا حصہ ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام اداروں کو اپنی ذمہ داریاں دیانت داری سے نبھانا ہوں گی وزیر اعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ شہر کی صفائی میں اداروں کے ساتھ ساتھ عوامی تعاون بھی ناگزیر ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ کوئٹہ کو ایک مثالی، صاف اور منظم دارالحکومت بنانے کے لیے مربوط اور ٹھوس اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

