صحبت پور (رپورٹر) صحبت پور میں آٹے کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے عوام کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ شہر کی ہول سیل مارکیٹ میں 38 کلو آٹے کا تھیلا جو چند روز قبل 3800 روپے میں فروخت ہو رہا تھا، اب اچانک 4400 روپے تک پہنچ گیا ہے، جس سے غریب اور متوسط طبقے کی مشکلات میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہیں دوسری جانب ریٹیل مارکیٹ میں بھی آٹے کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں، جہاں آٹا فی کلو 115 روپے سے بڑھ کر 130 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں آٹا جیسی بنیادی ضرورت کی چیز کا اس قدر مہنگا ہونا عوام کے لیے ناقابلِ برداشت ہو چکا ہے۔شہری حلقوں نے الزام عائد کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے پیچھے ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کا عنصر شامل ہے، جبکہ متعلقہ محکموں کی جانب سے کوئی مؤثر کارروائی نظر نہیں آ رہی۔ عوام کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی خاموشی منافع خوروں کی حوصلہ افزائی کے مترادف ہے سماجی رہنماؤں، دکانداروں اور شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور فوڈ کنٹرول اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور سرکاری نرخوں پر آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے

