ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت تمام ہسپتالوں کے واجبات فوری طور پر ادا کیے جائیں، وزیراعلی بلوچستان کی ہدایت

کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہیلتھ کارڈز سے متعلق نشر ہونے والی خبر کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت اور ہیلتھ کارڈ پروگرام کے متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزیر صحت کو ہدایت کی ہے کہ معاملے کو فوری طور پر حل کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کسی بھی سرکاری یا پینل کے نجی اسپتال میں کسی مریض کا علاج کسی بھی صورت میں متاثر نہ ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ علاج معالجے میں رکاوٹ ناقابل قبول ہے اور عوامی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ ہیلتھ کارڈ پروگرام کے تحت تمام اسپتالوں کے واجبات فوری طور پر ادا کیے جائیں تاکہ علاج کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ غریب اور مستحق مریضوں کے لیے ایک اہم سہولت ہے اور اس کے ذریعے علاج معالجے کا عمل ہر صورت میں بدستور جاری رہنا چاہیے۔وزیر اعلیٰ بلوچستان نے متعلقہ حکام کو تاکید کی کہ ہیلتھ کارڈ پروگرام میں شفافیت، بروقت ادائیگی اور مؤثر مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے، تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ عوامی مفاد سے جڑے معاملات میں غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، حکومت بلوچستان صحت کے شعبے میں اصلاحات کے عمل کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں