غیرقانونی منی پٹرول پمپس،جوئے کے اڈوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، ڈی آئی جی کوئٹہ کی ہدایت

کوئٹہ(این این آئی) ڈی آئی جی کوئٹہ عمران شوکت نے سٹی سرکل اور صدر سرکل کا جامع کرائم ریویو اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے دوران متعلقہ ایس پیز نے سال 2025 کے کرائم اعداد و شمار پر تفصیلی بریفنگ دی اور اپنے اپنے علاقوں میں مؤثر پولیسنگ اور بہتر کارکردگی سے آگاہ کیا۔ڈی آئی جی کوئٹہ نے اسٹریٹ کرائمز، بالخصوص موٹر سائیکل سنیچنگ پر سخت تشویش کا اظہار کیا اور واضح ہدایات جاری کیں کہ کوئٹہ شہر میں ایسے جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ڈی آئی جی کوئٹہ نے ہر ایس ایچ او سے الگ الگ ان کے علاقوں کی کرائم ریشو اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، علاقہ وار مسائل کا جائزہ لیا اور کارکردگی اور احتساب کو بہتر بنانے کے لیے واضح احکامات جاری کیے۔ تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت دی گئی کہ موٹر سائیکل سنیچنگ اور دیگر جرائم کے خاتمے کے لیے سخت اور نتیجہ خیز اقدامات کیے جائیں، اس سلسلے میں اسمارٹ ورکنگ اور پروایکٹو پولیسنگ پر زور دیا گیا۔ڈی آئی جی کوئٹہ نے غیر قانونی منی پیٹرول پمپس اور جوئے کے اڈوں کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو قانونی طریقے سے مکمل بندش یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے یہ بھی ہدایت کی گئی کہ ہر گرفتار ملزم کا کرمنل ریکارڈ آفس (CRO) لازمی طور پر مکمل کیا جائے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پولیس ملازمین کی سہولت اور کارکردگی میں بہتری کے لیے ڈی آئی جی کوئٹہ نے اعلان کیا کہ کوئٹہ شہر میں جلد دو مزید سی آر او دفاتر قائم کیے جائیں گے۔اجلاس کے اختتام پر کوئٹہ شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے باہمی رابطہ بہتر بنانے، روک تھام پر مبنی پولیسنگ کو مضبوط کرنے اور قانون کے سخت نفاذ کی واضح ہدایات جاری کی گئیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں