پہلے مرحلے میں ضلع سبی کے 500 سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے فنڈز موصول ہو چکے ہیں، جن میں سے اب تک تقریباً 300 خاندان فنڈز حاصل کر چکے ہیں‎

سبی(رپورٹر)کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے ترقی فاؤنڈیشن سبی اور ایچ آر یو کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کے سلسلے میں تعمیر کیے جانے والے متاثرین کے گھروں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ترقی فاؤنڈیشن کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر افتخار بنگلزئی، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر کچھی رحم دل خان مری، انجینئر آفاق احمد، سوشل موبلائزر وسیم گل، محترمہ صبا مہک اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کے دوران ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ترقی فاؤنڈیشن نے کمشنر سبی ڈویژن کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ضلع سبی کے 500 سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے فنڈز موصول ہو چکے ہیں، جن میں سے اب تک تقریباً 300 خاندان فنڈز حاصل کر چکے ہیں اور انہوں نے اپنے کمروں کی تعمیر کا کام شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے فیز کا کام کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ متاثرہ خاندانوں کو مالی معاونت چار اقساط میں فراہم کی جا رہی ہے، جس کے تحت ایک کمرہ چار مرحلوں میں تعمیر کیا جائے گا اور ہر مرحلے پر ایک ایک لاکھ روپے کی قسط ادا کی جائے گی۔ اس موقع پر کمشنر سبی ڈویژن اسداللہ فیض نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقی فاؤنڈیشن کی جانب سے اس منصوبے پر انتہائی منظم اور شفاف طریقے سے کام کیا جا رہا ہے جو قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو کمروں کے ساتھ ساتھ واش رومز کی تعمیر کے لیے بھی مالی معاونت فراہم کی جائے گی اور گھروں کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد انہیں سولرائز کر کے دیا جائے گا تاکہ متاثرین کو پائیدار سہولیات میسر آ سکیں۔ کمشنر سبی ڈویژن نے منصوبے کی بروقت تکمیل اور معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں