کوئٹہ(این این آئی) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی زیر صدارت ضلع میں نان فنکشنل اسکولوں کو دوبارہ فعال بنانے کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) محمد انور کاکڑ، ڈسٹرکٹ خزانہ آفیسر، ای ایم آئی ایس اور محکمہ تعلیم کے افسران نے شرکت کی۔اس کے علاؤہ اجلاس میں نان فنکشنل اسکولوں کو فنکشنل بنانے کے لیے تمام نان فنکشنل اسکولوں کے پرنسپلز، ڈی ڈی اوز اور کلسٹر ہیڈز کو طلب کیاگیا اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ تمام ڈی ڈی اوز اپنے متعلقہ کلسٹر ہیڈز کے ہمراہ ضلع کوئٹہ کے تمام 149 نان فنکشنل اسکولوں کا دورہ کریں گے اور تفصیلی رپورٹ پیش کریں گے، تاکہ اسکولوں کو جلد از جلد فعال بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے اس حوالے سے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ وقت کے اندر اپنی رپورٹس جمع کروائیں اور تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔انہوں نے کہا کہ نان فنکشن اسکولوں کو فنکشنل کر کے بچوں کی تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا اس حوالے سے انتظامیہ اپنی بھرپور ذمہ داری ادا کر کرے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام اسکولوں کو فنکشنل کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور اس ذمہ داری میں کسی قسم کی کوتاہی اور کمزوری برداشت نہیں کی جائے گی۔

