لسبیلہ(بیوروچیف حفیظ دانش) اوتھل کے محمد خان محلہ میں کمیونٹی ہال کی عدم دستیابی کے باعث علاقہ مکینوں کو شادی بیاہ اور دیگر سماجی و مذہبی تقریبات کے انعقاد میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ محلے میں وفاقی سرکاری محکمے کی زمین موجود ہونے کے باوجود متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی توجہ نہیں دی جا رہی، جس کے باعث عوام سخت پریشانی میں مبتلا ہیں۔مکینوں نے بتایا کہ شادی، فاتحہ خوانی اور دیگر تقریبات کے لیے مناسب جگہ نہ ہونے کی وجہ سے انہیں یا تو کھلے مقامات پر یا دور دراز علاقوں میں تقریبات منعقد کرنا پڑتی ہیں، جس سے مالی اور انتظامی مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ خصوصاً خواتین، بزرگوں اور بچوں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔علاقہ مکینوں نے وفاقی وزیر تجارت نواب جام کمال خان عالیانی اور سیکریٹری پارلیمانی امور میر زرین خان مگسی سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ محمد خان محلہ میں جلد از جلد ایک جدید کمیونٹی ہال تعمیر کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا مستقل حل نکل سکے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ منتخب عوامی نمائندے عوامی مشکلات کا ادراک کرتے ہوئے اس اہم مسئلے کی جانب فوری توجہ دیں گے اور کمیونٹی ہال کی تعمیر کو یقینی بنا کر علاقہ مکینوں کی پریشانیوں کا ازالہ کریں گے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ کمیونٹی ہال کی تعمیر نہ صرف سماجی سرگرمیوں کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگی بلکہ محلے میں باہمی میل جول اور یکجہتی کو بھی فروغ ملے گا۔

