گوادر (این این ئی)ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کا گوادر میں بڑھتے ہوئے قتل و غارت، بدامنی، ڈکیتی اور چوری چکاری کے واقعات پر سخت تشویش کا اظہار، متعلقہ اداروں سے رابطہ اور ٹھوس اقدامات کی،گوادر میں بڑھتے ہوئے قتل و غارت، بدامنی، ڈکیتی اور چوری چکاری کے واقعات کے تناظر میں ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے امن و امان کی مجموعی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سخت نوٹس لے لیا ہے۔ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے محکمہ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں سے فوری رابطہ کر کے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر اور ٹھوس اقدامات کی ہدایات جاری کی ہیں، تاکہ شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے اور عوام کو تحفظ کا احساس دلایا جا سکے۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے واضح الفاظ میں کہا کہ گوادر پرامن اور محنت کش لوگوں کا شہر ہے، اور یہاں جرائم پیشہ افراد کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ریاستی اداروں کی اولین ذمہ داری ہے، جس میں کسی قسم کی کوتاہی ہرگز قابل قبول نہیں۔ایم پی اے گوادر نے زور دیا کہ گوادر میں امن و امان کے قیام کے لیے اداروں کو وقتی اور نمائشی اقدامات کے بجائے سخت اور عملی فیصلے کرنا ہوں گے، تاکہ جرائم کا مستقل خاتمہ ہو اور شہر کی پرامن شناخت بحال رکھی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے کی حیثیت سے وہ گوادر کے عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے اور اس حوالے سے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔

