گرینڈالائنس کی کال پردالبندین میں سرکاری دفاتر میں مکمل تالہ بندی

دالبندین(این این آئی)دالبندین گرینڈ الائنس کے تیسرے مرحلے کے احتجاج کے سلسلے میں ضلع چاغی کے ہیڈکوارٹر دالبندین میں احتجاج کے باعث ڈی سی کمپلیکس، خزانہ آفس سمیت تمام سرکاری دفاتر مکمل طور پر بند کر دیے گئے ہیں۔اس کے علاوہ پورے ضلع چاغی میں تمام تعلیمی ادارے، اسکولز اور دفاتر بند ہیں، جبکہ ایمرجنسی سروسز کو اس بندش سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ احتجاج کے نتیجے میں سرکاری اور نجی اسپتالوں میں ایمرجنسی کے علاوہ تمام معمول کی سرگرمیاں معطل ہیں۔شہر میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہے، جس کے باعث کاروباری مراکز، مارکیٹس اور آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، تاہم احتجاج پْرامن انداز میں جاری ہے۔اس احتجاج کی نگرانی گرینڈ الائنس ضلع چاغی کے ضلعی صدر نذیر ایجباڑی کے علاوہ عطاء اللہ سیاپاد، حاجی اسد اللہ غالب، وقار ریکی اور دیگر رہنما کر رہے ہیں، جو صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور احتجاج کو منظم انداز میں آگے بڑھا رہے ہیں۔گرینڈ الائنس کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک احتجاج جاری رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں