کوئٹہ(این این آئی)وزارت توانائی (پاور ڈویژن) اور بورڈآف ڈائریکٹرزکی ہدایات پر کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) صوبہ کے تمام علاقوں میں صارفین کو بجلی فراہمی کیلئے متعدد اقدامات کررہی ہے۔ اس سلسلے میں کیسکونے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شہرکے 139فیڈروں میں سے 75فیڈرز کو لوڈشیڈنگ فری قراردے دیاہے جن پر بجلی کی کوئی لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی ہے۔ جن میں 132KVکوئٹہ سٹی گرڈاسٹیشن اور132Kvمری آباد گرڈاسٹیشن سے منسلک تمام فیڈرزبجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں۔اسکے علاوہ کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں میں 64 فیڈروں پرشیڈول کے مطابق روزانہ مختلف اوقات کارمیں 4سے 6گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔اسی طرح مکران کے علاقوں میں 70فیڈروں میں سے 34فیڈرزلوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں جن میں گوادر کے 4گرڈاسٹیشنوں سے منسلک فیڈروں پر بھی کوئی لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی ہے جبکہ مکران کے دیگر 36فیڈروں کو مختلف اوقات کارمیں روزانہ 16سے18گھنٹے تک بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ صوبہ کے دیگر علاقوں میں 44فیڈرزکوبھی لوڈشیڈنگ فری قراردے دیاگیاہے جن میں خضدار، قلات، لورالائی، ژوب اور دیگر بڑے شہروں کے فیڈرزشامل ہیں۔ علاوہ ازیں صوبہ کے تمام ڈسٹرکٹ اورتحصیل ہیڈکوارٹرزکے فیڈروں کوبھی مختلف اوقات کارمیں یومیہ 14 سے 16 گھنٹے تک بجلی فراہم کی جارہی ہے اوراسکے علاوہ صوبہ میں موجود تمام دیگر فیڈروں کوریکوری کے تناسب سے یومیہ6گھنٹے بجلی فراہم کی جارہی ہے۔تاہم بجلی کے ترقیاتی اورمرمتی کام کے سلسلے میں بجلی بندش سے متعلق صارفین کو سوشل میڈیا اورذرائع ابلاغ کے زریعے پیشگی اطلاع دیجاتی ہے۔ لہٰذا کیسکونے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بجلی کے موجود بل اور بقایاجات کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ اُن کے بجلی فراہمی کے اوقات کار کوبڑھایاجاسکے۔

