گوادر (این این آئی)پسنی میں عوامی مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ نے کی۔ کھلی کچہری میں رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ، اسسٹنٹ کمشنر پسنی خْسرو دلاوی، کمانڈنٹ پاک آرمی طارق علی اے ڈی سی گوادر ڈاکٹر عبدالشکور خان سمیت مختلف محکموں کے افسران، بلدیاتی نمائندگان اور شہریو ں کی بڑی تعداد نے میں شہریوں نے شرکت کی۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے پانی کی قلت، بجلی کی لوڈشیڈنگ، صحت و تعلیم، صفائی و نکاسی آب، روزگار کے مواقع، سڑکوں کی خستہ حالی، ماہی گیروں کو درپیش مسائل، تجاوزات اور سرکاری محکموں سے متعلق مختلف شکایات پیش کیں۔ ڈپٹی کمشنر گوادر نے شہریوں کی شکایات نہایت توجہ سے سنیں اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو مسائل کے فوری حل کے لیے ہدایات جاری کیں۔علاوہ ازیں شہریوں نے پسنی زرین ہاؤسسنگ اسکیم میں تعطل،پسنی ریت متاثرین، تحصیلدار بندوبست کی غیر موجودگی، واٹر ٹینکر مالکان کے عدم ادائیگی، پسنی جیٹی کی بحالی، منشیات کے خاتمے سمیت مختلف سوالات اٹھائے،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نیخطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کا باہمی تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پسنی سمیت ضلع گوادر کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اور ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گاڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام اور انتظامیہ کے درمیان فاصلے کم کرنا اور شہریوں کو براہِ راست اپنی شکایات پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مقررہ مدت کے اندر شکایات کا ازالہ کیا جائے اور پیش رفت سے ضلعی انتظامیہ کو آگاہ رکھا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوامی فلاح و بہبود انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔کھلی کچہری کے اختتام پر شہریوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان کے مسائل جلد حل ہوں گے اور مستقبل میں بھی اس طرح کے عوامی فورمز کا انعقاد تسلسل سے کیا جائے گا۔

