کوہلو(این این آئی) رکن صوبائی اسمبلی نواب چنگیز مری نے کہا ہے کہ علاقے میں جاری تمام ترقیاتی کاموں کے معیار اور ان کی بروقت تکمیل پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا حلقے کے دور دراز علاقوں میں عوام کے دہلیز پر بنیادی سہولیات فراہم کررہے ہیں جس سے لوگوں کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے انہوں نے واضح کیا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے حکومت کی اولین ترجیح ہیں اور ان منصوبوں میں غفلت، لاپرواہی یا غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ کوہلو کے شہری و دور افتادہ علاقوں میں معیاری سڑکوں کی تعمیر سے نہ صرف عوام کو آمدورفت کے موثر، محفوظ اور پائیدار ذرائع میسر آئیں گے بلکہ تجارتی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملے گا جس سے مقامی معیشت مستحکم ہوگی جبکہ دیگر جاری ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر اور بروقت تکمیل سے عوام کو پینے کے صاف پانی، بجلی کی بلا تعطل فراہمی، صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات ہمہ وقت دستیاب ہوں گے جو کسی بھی ترقی یافتہ علاقے کیلئے ناگزیر ہوتی ہیں۔رکن صوبائی اسمبلی نے مزید کہا کہ متعلقہ محکموں اور ٹھیکیداروں کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت، معیار اور بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنائیں ناقص تعمیر یا مقررہ مدت سے تجاوز کرنے والے ترقیاتی کاموں کے ٹھیکیداروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے علاقے میں خوشحالی آئے گا اور عوام کے معیارِ زندگی میں نمایاں تبدیلیاں رونما ہوں گے۔

