گرینڈ الائنس لسبیلہ رہنماؤں کی گرفتاریاں،قائم جھوٹے مقدمات افسوسناک ہیں،مکھی شام لعل لاسی

اوتھل (این این آئی) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی اقلیتی رہنما اور سابق رکن صوبائی اسمبلی مکھی شام لعل لاسی نے گرینڈ الائنس لسبیلہ کے رہنماؤں کی گرفتاریوں اور ان پر قائم کیے گئے جھوٹے مقدمات کو انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان سے گرینڈ الائنس کے جائز مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرے،اور ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی کو فوری طور پر ختم کرے موجودہ صورتحال میں سرکاری ملازمین سخت اضطراب اور عدم اطمینان کا شکار ہیں جبکہ حکومت کی خاموشی مسائل کو مزید گھمبیر بنا رہی ہے،اپنے ایک جاری بیان میں مکھی شام لعل لاسی نے گرینڈ الائنس لسبیلہ کے رہنماؤں کی گرفتاریوں اور ان پر قائم کیے گئے جھوٹے مقدمات کو انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت قرار دیا انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا ملازمین کا آئینی اور جمہوری حق ہے جبکہ اس حق کو زبردستی دبانا کسی بھی مہذب معاشرے میں قابل قبول نہیں، مکھی شام لعل لاسی نے وزیر اعلیٰ بلوچستان اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ لسبیلہ میں پیش آنے والے واقعات کا فوری نوٹس لیں اور گرینڈ الائنس کے رہنماؤں پر قائم جھوٹے مقدمات کی شفاف تحقیقات کرائیں کیونکہ ایسے واقعات نہ صرف سرکاری ملازمین کے مورال کو متاثر کرتے ہیں بلکہ عوام میں بھی اداروں کے خلاف بے اعتمادی کو بڑھاتے ہیں انہوں نے کہا کہ ان کی جمعیت علماء اسلام گرینڈ الائنس کے تمام جائز مطالبات کی غیر مشروط حمایت کرتی ہے انہوں نے کہا کہ ڈی آر اے ملازمین کا قانونی حق ہے جسے کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا حکومت کو چاہیے کہ ملازمین کے مسائل حل کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے تاکہ محکمہ جاتی کارکردگی بہتر ہو اور عوام کو بھی خدمات کی فراہمی میں بہتری آئے مکھی شام لعل لاسی نے کہا کہ گرفتاریاں، دھونس اور دھمکیوں سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ اس سے حالات مزید خراب ہوتے ہیں انہوں نے کہا کہ لسبیلہ میں حالیہ اقدامات نے ملازمین کے دلوں میں شدید اضطراب پیدا کیا ہے اور حکومت کو چاہیے کہ تناؤ کم کرنے کے لیے مخلصانہ اور مصالحانہ رویہ اپنائے اس لیے ضروری ہے کہ حکومت عملی اقدامات کرتے ہوئے گرینڈ الائنس کی قیادت کو اعتماد میں لے اور بات چیت کے ذریعے تمام مسائل کا حل تلاش کرے مکھی شام لعل لاسی نے واضح کیا کہ جمعیت علماء اسلام ہمیشہ عوام اور ملازمین کے شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے اور مستقبل میں بھی ہر فورم پر ان کی آواز بنے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں