کوئٹہ(این این آئی)مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ،حضرت علی اچکزئی،درویش آغا،سخی محمد،خانو بادیزئی،ڈاکٹر سمیع کاکڑ،صاحب جان،حاجی نانے عمر،جیلانی خان،منظوراحمد اورنادرخان نے کہا ہے کہ مرکزی انجمن تاجران بلوچستان بلا رنگ و نسل تاجروں کی خدمت پر یقین رکھتی ہے کسی بھی ادارے یا شخص کو تاجروں کو تنگ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی،حکومت تاجروں کو تنگ کرنے کی بجائے انکے مسائل حل کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے۔یہ بات انہوں نے مرکزی انجمن تاجران خوشحال روڈ کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف بردار ی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پرانجمن تاجران خوشحال روڈ کے نئے عہدیداروں کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس کے مطابق صدر سخی محمد،جنرل سیکرٹری ڈاکٹرسمیع کاکڑ، سینئر نائب صدر صاحب جان، نائب صدر حاجی نانے عمر، نائب صدر جیلانی خان، نائب صدر سردار خان، خزانہ سیکرٹری حافظ صاحب، سیکرٹری اطلاعات نادر خان، میڈیا قسیم خان، چیئرمین رحمت، سرپرست اعلیٰ منظور خان، جوائنٹ سیکرٹری مرزا خان شامل ہیں نئے منتخب ہونے والے عہدیداروں سے مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے سینئر نائب صدر حضرت علی اچکزئی نے سے حلف لیا۔مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے رہنماوں نے خوشحال روڈ کے مرکزی انجمن تاجران کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ تاجروں نے ان پر جس اعتمادکا اظہارکیا ہے وہ تاجروں کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپورکوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے تاجروں کی سب سے بڑی نمائندہ تنظم ہے جس نے تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ جدوجہد کی ہے۔انہوں نے کہاکہ تاجر اپنے اندراتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں تاکہ انکے مسائل حل ہوسکیں۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے تاجران گوناگوں مسائل سے دوچار ہیں لیکن حکومت کی جانب سے تاجروں کے مسائل حل کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جاررہے سڑکوں پر ریڑھیوں کی بھرمار نے تاجروں کو پریشان کر رکھا ہے بازاروں میں سٹریٹ لائٹس نہ ہونے کی وجہ سے اندھیرے کے باعث خریداروں اورشہریوں کوپریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بازاروں میں ریڑھیوں کی بھرمار کے بارے میں کئی مرتبہ ٹریفک پولیس اور ضلعی انتظامیہ کوآگاہ کیا گیا لیکن ریڑھی والوں کے خلاف کوئی بھی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی جس کی وجہ سے نہ صرف پیدل چلنے والوں کو مشکلات کاسامنا کرناپڑتا ہے بلکہ ٹریفک کی روانی میں بھی خلل پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی انجمن تاجران بلوچستان نے ہمیشہ شہر کے مسائل کے حل کیلئے انتظامیہ کے ساتھ بھر پورتعاون کیا ہے انتظامیہ کو بھی چاہئے کہ وہ تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھائے تاکہ تاجر سکھ کا سانس لے سکں۔ انہوں نے کہا کہ شہرمیں بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ نے کاروبار زندگی کو بری طرح متاثر کیا ہے شہر میں غیر اعلانیہ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ مرکزی انجمن تاجران کے صدر عبدالرحیم کاکڑ نے کہا کہ خوشحال روڈ کے تاجروں نے جن مسائل کی نشاندہی کی ہے ان مسائل کے حل کیلئے مرکزی انجمن تاجران بلوچستان ہرممکن کوشش لکریگی۔

