بھاگ (رپورٹر) رکن صوبائی اسمبلی بلوچستان برائے اقلیتی امور سنجے کمار پنجوانی نے بھاگ شہر کا دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر جئے شکتی ویلفیئر سوسائٹی کے صدر گیان چند منیش ساگر کمار منیش کمار لال منیش لکمی چند سنتوش کمار نانک چند بنسی سنگھ کور لال نند لال پنساری سردار رمیش کمار سردار سنتوش سنگھ نارائن داس چودھری رمیش کمار خیراج کمار گیلا رام اور دیگر ہندو پنچایت کے رہنما اور مختلف مندروں کے انچارج حضرات نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔سنجے کمار پنجوانی نے مختلف مندروں اور کمیونٹی ہالوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر بلوچستان اسمبلی کے اقلیتی فنڈ سے مندروں کی تعمیر کمیونٹی ہالوں کی تعمیر سولر سسٹم سٹریٹ لائٹس مین گیٹ سمیت دیگر منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔اور مکمل ہونے والی اسکیمات کا افتتاح بھی کیا۔رکن صوبائی اسمبلی سنجے کمار پنجوانی نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ اقلیتی امور بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی دلچسپی ہے اور بلوچستان میں رہنے والی اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی اقلیتی آبادی کے مسائل ان کی دہلیز پر جا کر سنیں گے اور انہیں حل کرنے کی حتی الوسع کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع کچھی کی تحصیل بھاگ میں اقلیتی برادری بڑی تعداد میں رہتی ہے اور یہاں پر قدیمی مندر اور قریب ہی میں تاریخی جلال خان مندر بھی موجود ہیں۔ آج ہم نے تمام مندروں کا وزٹ کیا اور گزشتہ سال کی پی ایس ڈی پی میں دی گئی اسکیمات کا افتتاح بھی کیا۔انہوں نے کہا کہ آئندہ پی ایس ڈی پی میں بھی اقلیتی برادری کی سفارشات کو مدنظر رکھا جائے گا اور بعض مندروں کے لیے ایکو ساؤنڈ کی فراہمی کے سلسلے میں بھی جلد اقدامات کیے جائیں گے۔ پانی کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے گرینڈ جرگہ منعقد کیا اور پانی کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کیا ہے جس کا کام جلد شروع ہو جائے گا۔ بھاگ کو ضلع کا درجہ دینے کے سوال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ایک مثبت مطالبہ ہے اور ہم اس سلسلے میں بھرپور کوشش کریں گے۔آخر میں جئے شکتی ویلفیئر سوسائٹی کے صدر گیان چند منیش اور دیگر ہندو پنچایت کے رہنماؤں نے بھاگ شہر کی اقلیتی برادری کے لیے مختلف اسکیمات کی منظوری پر سنجے کمار پنجوانی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور ان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا۔

