تاجر برادری کا عمران رشید شیخ کی ہمشیرہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)تاجر برادری، سماجی شخصیات اور مختلف تنظیموں کی جانب سے کنٹری پریذیڈنٹ انسانی حقوق اقوامِ متحدہ برائے پاکستان، معروف تاجر اور سماجی رہنما عمران رشید شیخ کی ہمشیرہ کے انتقال پر گہرے دکھ، رنج اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔ تعزیتی پیغامات میں مرحومہ کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبرِ جمیل کی دعا کی گئی۔اس موقع پر کنٹری پریذیڈنٹ انسانی حقوق اقوامِ متحدہ برائے پاکستان عمران رشید شیخ نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ گل پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع نہایت افسوسناک، دلخراش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے سانحات نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پوری تاجر برادری کیلئے شدید ذہنی و معاشی صدمے کا باعث بنتے ہیں۔عمران رشید شیخ نے کہا کہ ملک کی معیشت پہلے ہی بدترین دباؤ کا شکار ہے اور اس کے باوجود پاکستان کے معاشی حب کراچی کو مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بروقت ٹیکس ادائیگی کے باوجود شہرِ قائد میں حادثات سے بچاؤ، فائر سیفٹی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کوئی مؤثر اور منظم حکومتی نظام موجود نہیں، جو ایک سنگین سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین، زخمیوں کے فوری اور معیاری علاج، اور متاثرہ تاجروں کے مالی نقصانات کے ازالے کیلئے فوری طور پر جامع اور مؤثر امدادی پیکج کا اعلان کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں