پسنی(رپورٹر) پسنی کے مقامی ماہی گیروں کی جانب سے پسنی فش ہاربر جیٹی پر ایک ہنگامی جرگہ منعقد کی گئی۔
اس موقع پر ماہی گیروں نے سمندری حیات کے تحفظ اور غیر قانونی شکار کے خاتمے کے حوالے سے اہم فیصلوں کا اعلان کیا۔
ماہی گیر رہنماؤں نے واضح کیا کہ پسنی کی سمندری حدود میں سرکلنگ گٹ کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔
انہوں نے زور دیا کہ اس ممنوعہ عمل کے استعمال کو روکنا اور سمندری حیات کا تحفظ کرنا محکمہ فشریز پسنی کی اولین ذمہ داری ہے۔
جرگے میں طے پایا کہ اگر کوئی بھی فرد غیر قانونی سرکلنگ گٹ کے استعمال میں ملوث پایا گیا تو محکمہ فشریز کے آرڈیننس کے مطابق اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پسنی کے سمندر میں روزگار کے مواقع تمام ماہی گیروں کے لیے بالکل کھلے ہیں۔
کسی بھی قانونی طریقے سے شکار کرنے والے ماہی گیر کو کوئی ممانعت نہیں ہوگی۔
ماہی گیروں نے محکمہ فشریز کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فشریز کی پٹرولنگ ٹیم کو روزانہ کی بنیاد پر سمندر میں گشت کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک مستقل پٹرولنگ کو یقینی نہیں بنایا جاتا، تب تک غیر قانونی شکار اور آبی حیات کی نسل کشی کو روکنا ممکن نہیں ہوگا۔
پسنی کے ماہی گیروں نے حکام سے اپیل کی کہ وہ سمندری ماحولیات کے تحفظ اور مقامی ماہی گیروں کے معاشی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر قانونی سرکلنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائیں۔

