کوئٹہ(این این آئی) صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا ہے کہ صوبے میں سب اکاؤنٹنٹ کی آسامیوں پر مکمل میرٹ اور جدید ڈیجیٹل نظام کے تحت شفاف بھرتیوں کا عمل خوش آئند اور قابلِ تحسین فعل ہے۔ انہوں نے اس احسن اور مثالی اقدام پر وزیراعلیٰ بلوچستان کو مبارک باد دی اور ان کے قائدانہ صلاحیتوں کو سراہا، ان کی میرٹ پر مبنی وژن کی بدولت یہ شفاف عمل ممکن ہوا۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری خزانہ عمران زرکون کی میرٹ پر مبنی پالیسی لائقِ تحسین ہیں جنہوں نے اس پورے بھرتی کے عمل کو پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری اور جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے کامیابی سے سر انجام دیا۔ اس شفاف بھرتی کے عمل کا مکمل کریڈٹ عمران زرکون اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔ صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ بھرتی کے عمل میں شامل تمام کمیٹی ممبران کی کاوشیں وخدمات بھی قابلِ ستائش ہیں جنہوں نے میرٹ کی مکمل پاسداری کو یقینی بنایا اور کسی بھی قسم کی سفارش یا دباؤ کو خاطر میں نہیں لایا۔ انہوں نے کامیاب ہونے والے تمام محنتی اور اہل نوجوانوں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے شفاف اور میرٹ پر مبنی اقدامات سے نہ صرف مستحق افراد کو ان کا حق ملتا ہے اور بلکہ صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن ہو نیمیں معاون ثابت ہوتے ہیں اور اس کے علاوہ حکومت پر عوامی حلقوں کا اعتماد بھی بحال ہوتا ہے۔صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ صوبائی حکومت آئندہ بھی میرٹ، شفافیت اور ڈیجیٹل اصلاحات کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار کرنے اور اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھیں گی۔

