گوادر(این این آئی)پسنی میونسپل کمیٹی کا 7 کروڑ روپے سے زائد کا ترقیاتی بجٹ پیش،پسنی میونسپل کمیٹی نے مالی سال 2025-26کے لیے سات کروڑ روپے سے زائد کا ترقیاتی بجٹ پیش کر دیا۔ بجٹ اجلاس سٹی چیئرمین میر نور احمد کلمتی کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں چیف آفیسر عادل بشیر، وائس چیئرمین فہیم علی جوہر اور تمام کونسلران نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران مختلف وارڈز سے تعلق رکھنے والے کونسلران نے اپنے اپنے علاقوں کی ترقی کے لیے متعدد تجاویز پیش کیں، جنہیں سٹی چیئرمین میر نور احمد کلمتی اور چیف آفیسر عادل بشیر نے باقاعدہ طور پر اجلاس کی کارروائی میں شامل کر لیا۔پیش کی گئی تجاویز میں مختلف علاقوں کی گلیوں میں ٹف ٹائل کی تنصیب، اسپورٹس کلبز کی مرمت، مین بازار میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، قبرستانوں میں شیڈز کی تعمیر، مین روڈ پر انتظار گاہوں کی تعمیر، خالد بن ولید مسجد میں لائبریری کا قیام، جڈی پارک میں واش رومز اور پارکنگ ایریا کی تعمیر سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سٹی چیئرمین میر نور احمد کلمتی نے کہا کہ کونسل میں ایسی تجاویز پیش کی جانی چاہئیں جو پسنی شہر اور اس کے عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی عہدے ایک قومی امانت ہیں اور یہاں بیٹھنے کا مقصد عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا حل ہے۔آخر میں چیف آفیسر عادل بشیر نے کونسلران سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے وارڈز میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کریں تاکہ شہر کو صاف اور خوشحال بنایا جا سکے۔

