کوئٹہ(این این آئی) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت کوئٹہ شہر میں بڑے نالوں کی صفائی، نکاسی آب کے نظام کی بہتری اور شہر کی خوبصورتی کے فروغ کے حوالے سے ایک اہم منعقد ہوا۔ اجلاس میں نالوں کی جامع صفائی، تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ریڑھی بانی اور چھوٹے کاروبار سے وابستہ افراد کے روزگار کے تحفظ، اور کوئٹہ شہر کی مجموعی خوبصورتی کو مزید نکھارنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے کوئٹہ شہر میں نالوں کی مرحلہ وار اور جامع صفائی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ان نالوں کو پائیدار اور مضبوط سلیب کے ذریعے ڈھانپا جائے گا۔ اس منصوبے کا مقصد شہر کو صاف ستھرا اور خوبصورت بنانے کے ساتھ ساتھ ریڑھی بانوں اور چھوٹے تاجروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بغیر کسی خطرے کے اپنا روزگار جاری رکھ سکیں۔ اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ مجیب الرحمٰن قمبرانی نے منصوبے کے عملی نفاذ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی، جس میں نالوں کی صفائی، ملبے کی بروقت نکاسی، سلیب کی تنصیب، ٹریفک اور پیدل چلنے والوں کے تحفظ، اور کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کیے بغیر کام مکمل کرنے کے عملی مراحل پر روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری ایریگیشن سہیل الرحمٰن بلوچ نے کوئٹہ شہر کے آٹھ بڑے نالوں کی صفائی اور نکاسی آب سے متعلق جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ان نالوں کی باقاعدہ صفائی سے نہ صرف شہر میں سیلابی صورتحال سے بچاؤ ممکن ہوگا بلکہ بارش کے پانی کی روانی میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ نالوں کی صفائی اور انہیں ڈھانپنے کا یہ منصوبہ شہر کے مرکزی بازاروں، گلی محلوں اور اہم شاہراہوں پر ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، اور سلیب اس معیار کے ہوں کہ وہ ٹریفک اور پیدل چلنے والوں دونوں کے لیے محفوظ ہوں۔ چیف سیکرٹری نے متعلقہ محکموں کو سختی سے ہدایت کی کہ صفائی مہم اور نالوں کی بحالی کا عمل ہر صورت مارچ کے اختتام تک مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو فوری اور مؤثر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ منصوبے کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو ہر پندرہ دن بعد پیش رفت کا جائزہ لے گی۔ اجلاس کے اختتام پر چیف سیکرٹری نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ شہر کی صفائی اور خوبصورتی کے لیے حکومت کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کریں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ذاہد سلیم، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ عبدالرؤف بلوچ، کمشنر کوئٹہ شاہ زیب کاکڑ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی-

