کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینیئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، سیکرٹری مالیات حاجی صالح محمد نورزئی، مفتی محمد رضا خان، میر سرفراز شاہوانی، حاجی ظفر اللہ کاکڑ، میر حشمت لہڑی، سیٹھ اجمل بازئی، سالار مولوی علی جان، مولوی سید سعد اللہ آغا، مولوی نقیب اللہ ملا خیل اور دیگر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ شہر کے اہم چوک چوراہے کھلے عام منشیات فروشی، منشیات نوشی اور فحاشی و عریانی کے مراکز بن چکے ہیں جو نہ صرف معاشرتی اقدار بلکہ نوجوان نسل کے مستقبل کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ ہیں۔ حکومت اور انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کے باعث یہ ناسور دن بہ دن پھیلتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے نوجوان نسل تیزی سے تباہی کے دہانے پر پہنچ رہی ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ متعلقہ ادارے سب کچھ جاننے کے باوجود خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ منشیات فروشوں اور فحاشی کے اڈوں کے خلاف فوری اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے تعلیمی اداروں، شہر کے اہم چوک چوراہوں اور رہائشی علاقوں کو اس لعنت سے پاک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔

