خضدار،ٹریفک حادثے میں 3افراد ہلاک، ایک درجن کے قریب زخمی

خضدار(این این آئی) وڈھ کے قریب بھیانک سڑک حادثہ، فیلڈر کار میں سوار تین افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہوگئے. خضدار کے علاقے وڈھ کے قریب قومی شاہراہ پر پیر کی دوپہر ٹریفک حادثہ رونما ہوا جس میں کوئٹہ سے کراچی کی جانب روانہ ہونے والی فیلڈر گاڑی میں سوار تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ کراچی سے کوئٹہ آنے والی مسافر کوچ اور ایک مقامی موٹرسائیکل پر سوار سمیت کم از کم ایک درجن کے قریب افراد زخمی ہوگئے۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب کراچی سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ نے سامنے سے آتی ہوئی موٹرسائیکل کو بچانے کی کوشش میں اچانک کنٹرول کھو دیا اور سامنے سے آ رہی فیلڈر کار سے زبردست ٹکر ہوگئی۔ اس شدید ٹکر کی وجہ سے فیلڈر کار بری طرح تباہ ہوگئی اور اس میں سوار تینوں افراد جاں بحق ہوگئے۔ موٹرسائیکل سوار بھی زخمی ہوگیا اور کوچ میں سوار متعدد مسافر بھی اس حادثے میں متاثر ہوئے۔جاں بحق ہونے والوں میں دو افراد کی شناخت ہوچکی ہے جبکہ ایک کی شناخت ابھی تک ممکن نہیں ہوسکی۔ جاں بحق افراد کے نام درج ذیل ہیں عزیز احمد ولد محمد خان، رہائش مری آباد، کوئٹہ، عبدالکریم ولد خان محمد، رہائش مری آباد، کوئٹہ،ایک فرد نامعلومزخمیوں میں سے چند کے نام سامنے آئے ہیں جن میں شامل ہیں سراج احمد ولد الٰہی بخش، قوم مینگل، رہائش دراکالا،نیک زاد ولد رمضان علی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کی ابتدائی تحقیقات میں تیز رفتاری اور موٹرسائیکل کو بچانے کی کوشش کو بنیادی وجہ قرار دیا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں