تربت (رپورٹر)نیشنل پارٹی کے سابق مرکزی نائب صدر انجنیئر حمید بلوچ نے گل پلازہ کراچی میں پیش آنے والے المناک آتشزدگی کے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اندوہناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گل پلازہ میں آگ لگنے کے واقعے نے ایک بار پھر ہمارے شہروں میں موجود کمرشل عمارتوں کی ناقص منصوبہ بندی، فائر سیفٹی انتظامات کی عدم موجودگی اور متعلقہ اداروں کی مجرمانہ غفلت کو بے نقاب کر دیا ہے۔ اس سانحے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں جبکہ لاپتا افراد کے اہلِ خانہ شدید کرب میں مبتلا ہیں۔
انجنیئر حمید بلوچ نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث یا غفلت کے مرتکب تمام افراد اور اداروں کے خلاف فوری، شفاف اور سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ محض انکوائری کمیٹیوں کا اعلان کافی نہیں بلکہ عملی انصاف ناگزیر ہے۔
انہوں نے حکومتِ سندھ سے مطالبہ کیا کہ جاں بحق افراد کے لواحقین اور متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جائے، زخمیوں کے علاج معالجے کے تمام اخراجات سرکاری سطح پر برداشت کیے جائیں اور لاپتا افراد کی تلاش کے لیے ہنگامی بنیادوں پر مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
آخر میں انجنیئر حمید بلوچ نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور ایسے سانحات کی روک تھام کے لیے شہری عمارتوں میں فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نیشنل پارٹی ہر سطح پر متاثرین کے ساتھ کھڑی رہے گی اور انصاف کے حصول کے لیے آواز بلند کرتی رہے گی۔

