مفتی محمود میموریل ہسپتال کچلاک سے متعلق حالیہ معاملہ انتظامی نوعیت کا ہے، پی ایم اے کوئٹہ

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کوئٹہ زون کے ترجمان نے کہا ہے کہ مفتی محمود میموریل ہسپتال کچلاک سے متعلق حالیہ معاملہ انتظامی نوعیت کا ہے اور اسے کسی صورت بھی ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس یا دیگر ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کے درمیان پیشہ ورانہ تنازع کے طور پر نہیں دیکھا جانا چاہئے، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کوئٹہ زون تمام متعلقہ فریقین پر زور دیتی ہے کہ وہ بردباری، پیشہ ورانہ اخلاقیات اور باہمی احترام کے ساتھ انتظامی معاملات کو حل کریں، تاکہ صحت کے شعبے میں اتحاد قائم رہے اور مریضوں کو بلا تعطل بہتر علاج کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ پی ایم اے کوئٹہ زون اس بات پر زور دیتی ہے کہ مریضوں کو بہتر، محفوظ اور معیاری علاج فراہم کرنے کے لیے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس کے درمیان باہمی احترام، اعتماد اور ہم آہنگی ناگزیر ہے صحت کا نظام اجتماعی ٹیم ورک سے چلتا ہے، جس میں ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکس، فارماسسٹس اور دیگر الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز سب برابر کے شراکت دار ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پی ایم اے کوئٹہ زون نے ہمیشہ اور آج بھی تمام ہیلتھ کیئر پروفیشنلز اور کارکنان کے درمیان ممکنہ تنازعات کو روکنے اور ہم آہنگی قائم رکھنے میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے اس کا مقصد صحت کے شعبے میں اتحاد قائم رکھنا اور مریضوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانا ہے اسی طرح پی ایم اے اس امر کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے کہ علاقے اور کمیونٹی کے بزرگوں، معززین اور مقامی نمائندوں کا احترام سماجی ہم آہنگی اور ادارہ جاتی استحکام کے لیے نہایت ضروری ہے مقامی اقدار اور سماجی توازن کو مدنظر رکھے بغیر پائیدار انتظامی فیصلے ممکن نہیں ہوتے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کوئٹہ زون واضح طور پر یہ مؤقف رکھتی ہے کہ ڈاکٹر ایڈمنسٹریٹرز کو سیاسی بنیادوں پر، یا کسی سیاسی قیادت، بیوروکریسی یا محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کی ہدایات پر استعمال نہیں کیا جانا چاہئے خصوصاً ایسی صورتوں میں جہاں صحت کے شعبے کے مختلف اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اختلاف یا تصادم پیدا ہونے کا خدشہ ہو ایسے اقدامات صحت کے نظام کو کمزور اور مریضوں کے مفاد کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ پی ایم اے کوئٹہ زون اس بات کی بھی وضاحت کرتی ہے کہ محکمہ صحت ہم سب کا مشترکہ ادارہ ہے اور اس کے تمام اسٹیک ہولڈرز اس کے مالک اور محافظ ہیں پی ایم اے کی قیادت محکمہ صحت کے اندرونی معاملات پر گہری اور مسلسل نظر رکھتی ہے اور جہاں بھی مریضوں کے مفاد، پیشہ ورانہ وقار یا ادارہ جاتی اصولوں کو خطرہ لاحق ہو، وہاں ذمہ دارانہ کردار ادا کرتی رہے گی۔ترجمان نے کہا کہ پی ایم اے کوئٹہ زون یہ بھی واضح کرتی ہے کہ ایسوسی ایشن کسی فردِ واحد کے دفاع یا مخالفت کے لیے استعمال نہیں کی جائے گی پی ایم اے کا کردار اصولی، ادارہ جاتی اور اجتماعی مفاد پر مبنی ہے، نہ کہ شخصی یا سیاسی ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کوئٹہ زون تمام متعلقہ فریقین پر زور دیتی ہے کہ وہ بردباری، پیشہ ورانہ اخلاقیات اور باہمی احترام کے ساتھ انتظامی معاملات کو حل کریں، تاکہ صحت کے شعبے میں اتحاد قائم رہے اور مریضوں کو بلا تعطل بہتر علاج کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں