کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما وسابق سینیٹر روزی خان کاکڑ نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی بار انکی قیادت میں محکمہ خزانہ کی 111 سرکاری ملازمتوں کی شفاف اور میرٹ پر مبنی بھرتی ایک تاریخی اور قابلِ ستائش اقدام ہے اس شفاف عمل کے ذریعے نوجوانوں کو باعزت روزگار کے مساوی مواقع فراہم ہوئے ہیں اور عوام کا سرکاری نظام پر اعتماد ایک بار پھر بحال ہوا ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ نے کہا کہ ایک ہی دن میں ٹیسٹ، نتائج اور تقرریوں کا مکمل اور منظم عمل بلوچستان کے عوام کے لیے باعثِ فخر ہے، جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت عملی کارکردگی، شفافیت اور میرٹ پر مکمل یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی اصلاحاتی اور عوام دوست پالیسیوں نے بلوچستان کو ترقی، انصاف اور نوجوانوں کے روشن مستقبل کی جانب گامزن کر دیا ہے۔سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں شروع کی گئی ان تاریخی اصلاحات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ہر سطح پر ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

