تربت(این این آئی) تربت کے علاقے تجابان میں لاپتہ نوجوان کے اہل خانہ نے احتجاجاً سی پیک ایم 8شاہراہ کو ہرقسم کی آمدورفت کیلئے بند کردیا جس کی وجہ سے سڑک کے دونوں جانب گاڑیوں کی لمبی لمبی لائنیں لگ گئیں اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ۔امظاہرین کا کہنا ہے کہ رحمدل ولد محمد بخش سکنہ کرکی تجابان کو جبری لاپتہ کیا گیا ہے جس کی بازیابی کے لیے انہوں نے یہ قدم اٹھایا ہے۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی اسی علاقے سے متعدد نوجوان لاپتہ کیے جا چکے ہیں جن کی بازیابی کے لیے اہلِ علاقہ نے ماضی میں بھی سی پیک شاہراہ ایم 8 پر احتجاج اور دھرنے دیے تھے تاہم تاحال ان معاملات کا کوئی مستقل حل سامنے نہیں آیا۔مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رحمدل ولد محمد بخش کی فوری بازیابی کو یقینی بنایا جائے بصورتِ دیگر دھرنا جاری رکھا جائے گا۔

