کوئٹہ(این این آئی)جمہوری وطن پارٹی کے سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات میر شمس کرد نے حکومت کی جانب سے پرامن سرکاری ملازمین کے خلاف پولیس تشدد، طاقت کے بے جا استعمال اور بلاجواز گرفتاریوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے آئینی و جمہوری اقدار کی صریح خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے جائز حقوق اور مطالبات کے لیے پْرامن احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے، جسے دبانے کی ہر کوشش ناقابلِ قبول اور قابلِ مذمت ہے۔میر شمس کرد نے واضح کیا کہ حکومت مسائل کے حل کے لیے طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات اور سنجیدہ مکالمے کا راستہ اختیار کرے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو معاشی بدحالی، مہنگائی اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے، ایسے میں ان کے پْرامن احتجاج کو کچلنا نہ صرف غیر دانشمندانہ ہے بلکہ عوامی اعتماد کو بھی مجروح کرتا ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ڈی آر اے سمیت ملازمین کے تمام جائز مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کیا جائے، گرفتار ملازمین کو فی الفور رہا کیا جائے اور پولیس تشدد کے ذمہ داران کے خلاف شفاف تحقیقات کر کے سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ طاقت کے استعمال سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ مزید پیچیدگیاں جنم لیتی ہیں۔میر شمس کرد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جمہوری وطن پارٹی مظلوم اور حق پرست ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی آئینی جدوجہد کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی جمہوریت، آئین اور انسانی حقوق پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی اور ہر فورم پر ملازمین کے حق میں آواز بلند کرتی رہے گی۔

