بلوچستان گرینڈ الائنس کے قائدین کی گرفتاریاں قابل مذمت ہے،جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ

کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے ترجمان نے بلوچستان گرینڈ الائنس کے قائدین کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل کا پائیدار حل باہمی تعاون، افہام و تفہیم اور گفت و شنید میں ہے، جبکہ طاقت کا استعمال کسی بھی صورت مسائل کا حل نہیں ہوتا۔جے یوآئی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ بلوچستان گرینڈ الائنس کے مطالبات آئینی اور قانونی دائرے میں ہیں اور ان کے لیے کیا جانے والا احتجاج پرامن ہے۔ ایسے حالات میں گرفتاریوں یا دیگر سخت اقدامات سے معاملات میں بہتری کے بجائے پیچیدگی پیدا ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے سرکاری ملازمین کو طویل عرصے سے ان کے جائز اور قانونی حقوق کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے، جس کے باعث بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے سنجیدگی اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرے۔ترجمان نے کہا کہ ایک ہی ملک میں مختلف صوبوں کے لیے مختلف طرزِ عمل اختیار کرنا مناسب نہیں اور تمام شہریوں کے ساتھ یکساں اور منصفانہ سلوک ہونا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان گرینڈ الائنس کے گرفتار تمام رہنماؤں کو رہا کیا جائے اور مذاکرات کے ذریعے ملازمین کے مسائل کا قابلِ عمل اور باعزت حل نکالا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں