کوئٹہ میں سرکاری ملازمین کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری رہا

کوئٹہ(این این آئی) کوئٹہ میں سرکاری ملازمین کا احتجاج دوسرے روز بھی جاری رہا، پولیس نے گرینڈ الائنس کے سربراہ سمیت متعدد ملازمین کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے سرکاری ملازمین کی نمائندہ تنظیم گرینڈ الائنس کا ڈی آر اے سمیت دیگر مطالبات کی منظور ی کے لیے بدھ کو دوسرے روز بھی احتجاج جاری رہا۔ اس دوران کوئٹہ کے ریڈزون، جناح روڈ، عدالت روڈ، پریس کلب سمیت ملحقہ علاقوں کی جانب جانے والی تمام شاہراہوں کو کنٹینر،خار دار تاریں لگاکر اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر کے بند کیا گیا تھا۔ احتجاج کے دوران منان چوک پر پولیس نے گرینڈ الائنس کے سربراہ پروفیسر عبد القدوس کاکڑ کو گرفتار کرلیاجبکہ متعدد رہنماؤں کو بھی حراست میں لیکر شہر کے مختلف تھانوں میں منتقل کردیا گیا۔ گرینڈ الائنس کے احتجاج کے دوسرے روز کثیر تعداد خواتین مظاہرین بھی موجود رہیں جنہوں نے منان چوک پر دھرنا بھی دیا۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان وقفے وقفے سے آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں