قومی اسمبلی نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل منظور کرلیا، بیرسٹر گوہر کی مخالفت

اسلام آباد (این این آئی)قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے چیئر مین بیرسٹر گوہر کی مخالفت کے باوجود الیکشن ایکٹ ترمیمی بل منظور کرلیا۔ بدھ کو وزیر قانون وانصاف اعظم نذیر تارڑ نے بل پیش کرتے ہوئے کہا کہ بل میں چیئرمین سینیٹ، اسپیکر کو اختیار دیا گیا کہ اگر کوئی رکن گوشوارے شائع نہ کروانا چاہیے تو وہ شائع نہ ہو۔اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ گوشوارے الیکشن کمیشن میں جمع کروائے جائیں گے لیکن شائع نہیں ہوں گے۔بیرسٹر گوہر نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس بل کے تحت آپ الیکشن لاء کے معاملات کو سپریم کورٹ کی بجائے آئینی کورٹ میں لے کر جارہے ہیں۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں خواتین کی مخصوص نشستوں سے متعلق بل قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔اجلاس کے دوران پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے سوال کیا کہ انہوں نے ملٹری کورٹ کے حوالے سے اپیل کے حق سے متعلق ایک بل پیش کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ بل کمیٹی کے سپرد کیا گیا لیکن اس کے بعد اس پر کوئی پیشرفت سامنے نہیں آئی، اس بل کا کیا اسٹیٹس ہے؟۔ دریں اثناء قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پنجاب حکومت نے گندم خیبر پختونخوا لے جانے پر پابندی لگائی ہے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اس پابندی کے باعث خیبر پختونخوا میں آٹے کی قیمت بہت زیادہ ہوچکی ہے۔اس کے جواب میں وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی رانا تنویر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے اس معاملے میں مداخلت کی اور مسئلہ حل کیا۔انہوں نے کہا کہ دو ماہ سے خیبر پختونخوا حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں، ہماری طرف سے گندم کی دستیابی پر کوئی مسئلہ نہیں۔رانا تنویر نے کہا کہ گندم سے متعلق نئی پالیسی کے مطابق گندم کی بین الصوبائی ترسیل پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں