تربت(رپورٹر) نیشنل پارٹی کے سابق مرکزی نائب صدر انجینئر حمید بلوچ نے کہا ہے کہ گرینڈ الائنس کے تمام مطالبات آئینی، قانونی اور مکمل طور پر جائز ہیں۔ پورے پاکستان میں ڈی آر اے دیا جا چکا ہے، تاہم بلوچستان میں گزشتہ چھ ماہ سے اسرا، دلاسہ اور دھوکہ دہی کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملازمین اتحاد کی پرامن اور صبر آزما جدوجہد سے خائف ہو کر حکومت نے مذاکرات کے بجائے ان کی مرکزی، صوبائی اور ضلعی قیادت کو آنسو گیس، لاٹھی چارج اور گولیوں کا نشانہ بنایا، جس کی وہ شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔
انجینئر حمید بلوچ نے واضح کیا کہ نیشنل پارٹی مرکزی، صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر گرینڈ الائنس اور اس کی پوری قیادت کے ساتھ کھڑی ہے، جبکہ بلوچستان بھر میں گرفتار تمام رہنماؤں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
انہوں نے حکومتِ وقت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر گرینڈ الائنس کے مطالبات تسلیم کیے جائیں اور گرفتار رہنماؤں کو بلا تاخیر رہا کیا جائے۔

