جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شفافیت، گڈ گورننس،عوامی خدمت کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی)سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بلوچستان روف بلوچ نے کہا ہے کہ شکایات کے مؤثر نظام سے لے کر ریونیو مانیٹرنگ تک جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شفافیت، گڈ گورننس اور عوامی خدمت کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گایہ بات انہوں نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی جانب سے شہری سہولیات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر ہیلپ لائن اور سٹیزن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے افتتاح کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بلوچستان روف بلوچ اورایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ مجیب الرحمن قمبرانی ہیلپ لائن کا باقعدہ افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب کے بعد سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو ہیلپ لائن اور شکایات کے نظام کا لائیو ڈیمانسٹریشن پیش کیا گیا، جس میں شہریوں کی شکایات کے اندراج، متعلقہ شعبہ جات تک بروقت ترسیل اور مؤثر نگرانی کے مکمل طریقہکار سے آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر ایم سی کیو کے آئی ٹی برانچ کے عملے نے سٹیزن کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم اور اس کے بنیادی خدوخال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے ٹول فری نمبر 080009999 مختص کیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہری اپنے مسائل اور شکایات باآسانی درج کرا سکیں گے۔ شکایات کی شفاف اور مؤثر نگرانی کے لیے ایک علیحدہ ڈیجیٹل ڈیش بورڈ بھی قائم کیا گیا ہے، جس کے ذریعے شکایات کی وصولی، کارروائی اور حل کے مراحل کی مسلسل مانیٹرنگ ممکن بنائی گئی ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ کو میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے آن لائن ریونیو مانیٹرنگ سسٹم کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ اس نظام کے ذریعے آمدن کے تمام ذرائع کی ڈیجیٹل نگرانی ممکن ہو سکے گی، جس سے شفافیت میں اضافہ، ریکارڈ کی درستگی اور مالی نظم و نسق کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بلوچستان رؤف بلوچ نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی پالیسی کے مطابق تمام شعبوں میں ڈیجیٹلائزیشن کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شکایات کے مؤثر نظام سے لے کر ریونیو مانیٹرنگ تک جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شفافیت، گڈ گورننس اور عوامی خدمت کے معیار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ اقدامات شہری سہولیات کی فراہمی میں نمایاں بہتری کا باعث بنیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں