کوئٹہ(این این آئی)وفاقی محتسب کے حکم پر درخواست گزار محمد وارث کو یوفون ٹاور کی مد میں 5200000 روپے ادا کروا دیے گئے۔درخواست گزار محمد وارث نے بتایا کہ انہوں نے یوفون کمپنی کو اپنے پلاٹ میں ٹاور لگانے دیا جس کی مد میں یوفون کمپنی کرایہ ادا کرنے کا پابند تھا۔لیکن پچھلے پانچ برس سے یوفون کمپنی نے کرایہ ادا نہیں کیا متعدد بار یاد دہانی کروانے کے باوجود کرایہ ادا نہیں کر رہے۔لہذا، انہوں نے انصاف کے حصول کے لیے وفاقی محتسب کوئٹہ سے رجوع کیا اور متعلقہ محکمے کی تاخیر اور عدم توجہی کے خلاف شکایت درج کروا دیں۔شکایت موصول ہوتے ہی وفاقی محتسب کوئٹہ نے بروقت انکوائری کا آغاز کیا اور متعلقہ محکمے کو طلب کر کے کیس کی فوری سماعت شروع کر دی۔سماعت کے دوران متعلقہ محکمہ کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکا۔لہذا وفاقی محتسب نے احکامات جاری کیے کہ درخواست گزار کو پانچ برس سے ادا نہ ہونے والا کرایہ جلد ادا کیا جائے۔احکامات موصول ہوتے ہی متعلقہ محکمے نے درخواست گزار کو کرایہ کی مد میں 5200000 روپے ادا کر دیے۔اس بروقت اور منصفانہ فیصلے پر درخواست گزار نے وفاقی محتسب کا شکریہ ادا کیا۔

