محکمہ موسمیات پاکستان،محکمہ زراعت و کوآپریٹوزبلوچستان کے درمیان لیٹر آف کوآپریشن پر دستخط

کوئٹہ(این این آئی) محکمہ موسمیات پاکستان اور محکمہ زراعت و کوآپریٹوز، حکومت بلوچستان کے درمیان آج ایک لیٹر آف کوآپریشن (LoC) پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کا مقصد کسانوں کے لیے فارم سطح پر مخصوص موسمی و زرعی مشوروں کو محکمہ موسمیات کی موبائل ایپلیکیشن“پاک ویدر (Pak Weather)”میں شامل کرنا ہے، تاکہ کسانوں کو بروقت زرعی، کیڑوں کے تدارک اور فصلوں سے متعلق رہنمائی فراہم کی جا سکے۔اس تعاون کے تحت نیشنل ایگرو میٹ سینٹر (NAMC)، محکمہ موسمیات پاکستان، محکمہ زراعت بلوچستان کے ساتھ مل کر مشترکہ تحقیق کرے گا، جس کے ذریعے کسانوں کے لیے ریئل ٹائم اور فارم مخصوص موسمی و زرعی ایڈوائزریز تیار کی جائیں گی۔اس منصوبے کے ذریعے کسانوں کی ایگریکلچر انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم (AIMS) میں رجسٹریشن کو بھی فروغ دیا جائے گا،جس سے انہیں بروقت موسمی اطلاعات اور زرعی مشاورتی خدمات ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے حاصل ہوں گی۔تقریب کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل Pakistan Meteorological Department صاحبزادہ خان نے سیکرٹری محکمہ زراعت و کوآپریٹوز حکومت بلوچستان نور احمد پرکانی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔اس معاہدے کو بلوچستان میں ڈیجیٹل زرعی نظام، موسمیاتی معلومات کی رسائی اور کسان دوست پالیسیوں کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو صوبے میں زرعی پیداوار اور کسانوں کے معاشی استحکام میں مؤثر کردار ادا کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں