دو قومیتی پشتون بلوچ مشترکہ صوبہ اور ان کے دو برابر سیال قوموں کی مشاورت، رضامندی اور منشاء کے برخلاف اقدام کو کسی صورت میں قبول نہیں کیا جاسکتا،پشتونخواملی عوامی پارٹی

کوئٹہ (این این آئی) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنیوالی خبروں میں جو کچھ کہا اور لکھا جارہا ہے کہ جس میں خصوصیت کے ساتھ بعض اضلاع کو ضم کرنے اور بعض نئے اضلاع اور اسی طرح نئے ڈویژنز بنانے کی باتیں / تجاویز زیر غور ہیں۔ اگر ان میں صداقت ہے تو ان میں دراصل دو قومیتی پشتون بلوچ مشترکہ صوبہ اور ان کے دو برابر سیال قوموں کی مشاورت، رضامندی اور منشاء کے برخلاف اقدام کو کسی صورت میں قبول نہیں کیا جاسکتا۔ پارٹی سوشل میڈیا پر گردش کرنیوالی خبروں یا ایسے کسی بھی منصوبے کو مسترد کرتی ہے جس میں دو سیال برابر اور برادر پشتون بلوچ اقوام کی رضامندی، مشاورت اور رائے شامل نہ ہو اور ایسے کسی بھی انتظامی اقدام کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں قوموں کی رضا مندی شمولیت دراصل 23مارچ 1940کے قرارداد جس میں تمام اکائیاں خودمختار اور باختیار ہوگی کے اصول کے تحت ملک میں شامل ہوئی تھیں آج جس انداز میں اسے پس پشت ڈالا گیا اور ان کے قومی اکائیوں کے حقوق سے انکار کیا جارہا ہے یہ دراصل قوموں کی تاریخ کو مسخ کرنے کے متراف ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاسی عدم استحکام اور امن وامان کی ناگفتہ بہ صورت حال، عوام کے کاروبار، رزق ورزی کو ختم کرنے، صوبے کے عوام کو گیس، بجلی، تعلیم، صحت کے سہولیات سے مکمل محروم رکھنے، عوام کے معدنیات، وسائل، جنگلات، زمینوں پر قبضوں کے بعد ان کے تاریخ، زبان اور ثقافت کو ملیامٹ کیا جارہا ہے جس کی پارٹی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اضلاع کے انضمام یا نئے اضلاع اور اس طرح ڈویژن کی تشکیل کرنا مقصود ہے تو اسے عوام کے سامنے مشتہر کرکے رکھنا اور ان سے تجاویز مانگنا لازمی، ضروری امر ہوا کرتا ہے پھر خصوصاً صوبے کے دو برابر سیال قوموں کی باہمی مشاورت اور رضا مندی سے اس کا حل ضروری ہے۔ ایسا لائحہ عمل طے کیئے بغیر مسلط حکومت کے فیصلے کو قبول نہیں کیا جاسکتا۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی متنبع کرنا چاہتی ہے کہ مسلط حکومت نے ایسے فیصلے کیئے تو پارٹی اپنے عوام کی مدد وتعاون سے احتجاج کی راہ اپنائیگی جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں