گوادر،سرکاری کیبلز کی چوری پر جی ڈی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، دو ملزمان گرفتار

گوادر (این این آئی)گوادر میں سرکاری کیبلز کی چوری پر جی ڈی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، دو ملزمان گرفتار،تفصیلات کے مطا بق ادارہ ترقیاتی گوادر (جی ڈی اے) کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر میونسپل سیکشن آفیسر یحییٰ واڈیلہ نے شہر کے مختلف کباڑیوں کے اڈوں پر مؤثر اور منظم چھاپے مارے۔ کارروائی کے دوران سرکاری کیبلز اور تاریں چوری کرنے میں ملوث دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ ایک ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔اس کارروائی کے دوران غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث بعض کباڑیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی جبکہ دیگر کو قانون کے مطابق نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر یحییٰ واڈیلہ نے اس موقع پر کہا کہ سرکاری املاک کی حفاظت کو یقینی بنانے اور چوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی، اور قانون شکنی کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں