لاہور: اہل پنجاب کے لیے خوش خبری ہے کہ صوبائی حکومت نے اپنے انقلابی منصوبے اپنی چھت اپنا گھر کو مزید توسیع دینے کا فیصلہ کرلیا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب کو ایک سنہرا تحفہ دیتے ہوئے صدیوں پرانی روایت جوائنٹ فیملی سسٹم کو برقرار رکھنے اور سماجی ترقی و ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ایک انقلابی پیکیج تیار کیا ہے۔ سانجھے چُلھے، سانجھے ویہڑے اور اپنی چھت بھی سانجھی کے تصور کے تحت حکومت پنجاب نے جوائنٹ فیملیز کو خصوصی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے انقلابی پروگرام ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے اسے جوائنٹ فیملیز تک بڑھا دیا ہے، جس کے تحت پنجاب کی جوائنٹ فیملیز کو اپنے گھروں کی توسیع کے لیے بلاسود اور بالکل آسان اقساط پر قرض فراہم کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے گھروں کی توسیع کے لیے بلاسود قرضوں کے اجرا کی منظوری بھی دے دی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے جون 2026ء تک ایک لاکھ 60 ہزار گھر بنانے کا بڑا ہدف مقرر کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پنجاب میں جن شہریوں کے پاس اپنی زمین نہیں، انہیں زمین بھی فراہم کی جائے گی اور گھر بنانے کے لیے بلاسود اور آسان قرض بھی دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ’’اپنی زمین، اپنا گھر‘‘ کے تحت 1534 پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی منظوری دے دی ہے۔
پہلے مرحلے میں جہلم میں 194، قصور میں 129، فیصل آباد میں 84 اور لودھراں میں 59 پلاٹس بذریعہ قرعہ اندازی دیے جائیں گے۔

