کراچی پورٹ سے وسطی ایشیا تک براہِ راست ٹرین سروس خطے میں اقتصادی فوائد کے نئے دروازے کھولنے کا باعث بن سکتی ہے، سینیٹر محمد عبدالقادر

کوئٹہ(این این آئی)چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاکستان نے حال ہی میں کراچی پورٹ سے وسطی ایشیا تک براہِ راست ٹرین سروس کا آغاز کیا ہے، جو ملک کے لیے تجارتی اور اقتصادی فوائد کے نئے دروازے کھولنے کا باعث بن سکتی ہے یہ منصوبہ خاص طور پر تاجروں کے لیے سامان کی ترسیل کو آسان، تیز اور کم لاگت بنانے میں مددگار ہوگا، جس سے پاکستان کی برآمدات میں خاطرخواہ اضافہ متوقع ہے روس، قزاقستان، ازبکستان اور تاجکستان تک رسائی نئے تجارتی مواقع فراہم کرے گی۔ یہ ٹرین سروس سیاحت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ وسطی ایشیا کے تاریخی اور قدرتی مقامات تک براہِ راست سفر سیاحوں کے لیے محفوظ اور آسان ہوگا، جس سے ہوٹل، ریستوران اور مقامی کاروباری لوگ مستفید ہوں گے اس سے پاکستان اور وسطی ایشیا کے درمیان عوامی رابطے مضبوط ہوں گے اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اس سروس کی کامیابی کے لیے بلوچستان میں قانون و امن کی صورتحال کو برقرار رکھنا لازمی ہے راستے کی حفاظت اور مسافروں و سامان کی حفاظت کے لیے موثر نگرانی، حفاظتی اقدامات اور مقامی کمیونٹی کی شمولیت ضروری ہے یہ منصوبہ نہ صرف پاکستان کی اقتصادی ترقی اور خطے کے ساتھ تعلقات مضبوط کرے گا بلکہ ملک کی جغرافیائی اہمیت کو بھی اجاگر کرے گا صحیح انتظام اور سیکیورٹی کے ساتھ، کراچی سے وسطی ایشیا تک ٹرین سروس ایک اقتصادی پل اور سیاحتی موقع ثابت ہو سکتی ہے جو پاکستان کے لیے خطے میں استحکام اور ترقی کے نئے دروازے کھولے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں