کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے صدر نورالدین کاکڑ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی دو سالہ کارکردگی بلوچستان کی تاریخ کا روشن باب ہے، بلوچستان برسوں سے محرومیوں، پسماندگی اور بنیادی سہولیات کی کمی کا شکار رہا تاہم 2024 میں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت میں میر سرفراز بگٹی جیسے مدبر، وڑنری اور عوام دوست وزیر اعلیٰ کی آمد نے صوبے کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر دیا۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے سیکرٹریٹ ”کاکڑ ہاؤس“ سرکی روڈ پر ملاقات کرنے والے پارٹی کے کارکنوں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ نورالدین کاکڑ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اقتدار سنبھالتے ہی عوامی فلاح کو اپنی اولین ترجیح بنایا اور ایسے تاریخی منصوبوں کا آغاز کیا جن سے عام آدمی کو براہِ راست ریلیف ملا۔انہوں نے کہا کہ 22 ہزار زرعی ٹیوب ویلز کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کا منصوبہ بلوچستان کے زراعتی شعبے کے لیے ایک انقلابی قدم ہے جس سے ہزاروں زمینداروں کو فائدہ پہنچا اور لاکھوں خاندانوں کا روزگار محفوظ ہوا۔نورالدین کاکڑ نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک اسکالرشپ پروگرام، 30 ہزار بے روزگار نوجوانوں کے لیے سمندر پار روزگار اسکیم اور بلاسود قرضہ پروگرام اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی نوجوانوں کے روشن مستقبل پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں گرین بس سروس، خواتین کے لیے پنک بس سروس، پیپلز ٹرین پروگرام، کار پارکنگ اسکیم اور سڑکوں کی بلیک ٹاپنگ جیسے منصوبوں سے شہری سہولیات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ سول اسپتال کوئٹہ میں جدید سہولیات سے آراستہ نئے بلاک کا قیام اور بلوچستان کے تمام اضلاع میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی موجودہ حکومت کی عوامی صحت سے سنجیدہ وابستگی کا عملی ثبوت ہے۔انہوں نے ہا کہ طالبات کے لیے لیپ ٹاپ اور پنک اسکوٹی اسکیم تعلیم یافتہ، خودمختار اور بااختیار بیٹی کے وژن کی عکاسی کرتی ہے جو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسفے کا تسلسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتی ہے اور اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ پارٹی ہر فورم پر خوشحال، مضبوط اور ترقی یافتہ بلوچستان کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔

