بلوچستان میں صرف محکمہ خزانہ میں میرٹ پر نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کی گئیں،سیدجہانگیرشاہ

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی رہنما سید جہانگیر شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں صرف اور صرف محکمہ خزانہ میں میرٹ پر نوجوانوں کو ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں جبکہ دیگر محکموں میں سرعام نوکریاں فروخت ہورہی ہیں جس کا فوری نوٹس لیا جانا چاہئے،مسلم لیگ(ن) کی مرکزی حکومت کے فنڈز کے باعث کوئٹہ میں بڑے بڑے پروجیکٹ پر کام جاری ہے جس سے ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سید جہانگیرشاہ نے کہا کہ صوبائی وزیر خزانہ میرشعیب نوشیروانی بلارنگ و نسل عوام کی خدمت کررہے ہیں صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ محکمہ خزانہ میں میرٹ پر نوجوانوں کو ملازمتوں کے تقرر نامے جاری کئے گئے جس سے میرٹ کا بول بالا ہوا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ صوبے میں محکمہ خزانہ کے علاوہ دیگر محکموں میں سرعام ملازمتیں فراہم ہورہی ہیں جس سے نوجوانوں میں مایوسی پائی جاتی ہے جس کے خاتمے کیلئے دیگر محکموں کے صوبائی وزراء اورسیکرٹریز کو وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی کی تقلید کرتے ہوئے اوپن میرٹ پر نوکریاں دینی چاہئے۔انہو ں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان اور پیپلز پارٹی کے وزراء جو صوبے میں ترقی کے دعوے کر رہے ہیں وہ مسلم لیگ(ن) کی وفاقی حکومت کی بدولت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے صوبے کی ترقی وخوشحالی کیلئے فنڈز فراہم کئے ہیں جس سے ترقیاتی کام جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی کاموں کا سہرا وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف،گورنر بلوچستان شیخ جعفرخان مندوخیل،صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نوشیروانی اور چیف آف ڈیفنس سید عاصم منیر کو جاتا ہے جو صوبے کی ترقی و خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں