ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گوادر کے انتخابات مکمل، نئی کابینہ منتخب

گوادر (رپورٹر) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن گوادر کی نئی کابینہ کے انتخاب کا عمل کامیابی کے ساتھ مکمل ہو گیا۔ انتخابات الیکشن کمیٹی کے چیئرمین مقبول ہوت ایڈووکیٹ کی نگرانی میں منعقد ہوئے، جبکہ کمیٹی کے دیگر اراکین میں عادل کلمتی ایڈووکیٹ اور عارف علی ایڈووکیٹ شامل تھے۔ انتخابی عمل شفاف، منظم اور جمہوری طریقہ کار کے تحت مکمل کیا گیا۔

انتخابی نتائج کے مطابق محمد رستم ایڈووکیٹ صدر، منصور احمد ایڈووکیٹ نائب صدر، غلام مرتضیٰ ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری، حمل انور ایڈووکیٹ جوائنٹ سیکرٹری، سمعیہ عمر ایڈووکیٹ فنانس سیکرٹری اور حاجرہ ایڈووکیٹ انفارمیشن سیکرٹری منتخب ہو گئیں۔

نئی کابینہ کے انتخاب کے بعد وکلاء برادری میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اس موقع پر بلوچستان بار کونسل کے وائس چیئرمین جاڑین دشتی ایڈووکیٹ، مکران ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سعید فیض ایڈووکیٹ، کیچ بار ایسوسی ایشن کے صدر مجید شاہ ایڈووکیٹ سمیت متعدد سینئر وکلاء نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔

مبارکباد دینے والوں میں محراب گچکی ایڈووکیٹ، عبدالماجد ایڈووکیٹ، نعیم شریف ایڈووکیٹ، عبید بشیر ایڈووکیٹ، رستم گچکی ایڈووکیٹ، ناظم الدین ایڈووکیٹ، عبدالمجید دشتی ایڈووکیٹ اور دیگر شامل تھے۔ وکلاء رہنماؤں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نئی قیادت وکلاء کے مسائل کے مؤثر حل، بار ایسوسی ایشن کی مضبوطی اور قانون کی بالادستی کے لیے فعال اور نتیجہ خیز کردار ادا کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں