کوئٹہ(این این آئی)حکومت بلوچستان نے کوئٹہ میونسپل انتظامیہ کو کتوں اور بلیوں کو نہ مارنے اور جعلی ویکسین کے بجائے بین الاقوامی معیار کی TNVR دینے کی ہدایات جاری کردی جس کے بعد“پناہ کوئٹہ”کے تعاون سے کوئٹہ میں کتوں اور بلیوں کو محفوظ انداز میں سنبھالنے کا عمل جاری ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفرا ز بگٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ آوارہ جانوروں کے مسئلے کا حل قتل نہیں بلکہ جدید، سائنسی اور انسانی طریقہ کار ہے عوام جانوروں کے تحفظ کے لیے حکومتی اقدامات میں تعاون کریں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جانوروں کے تحفظ سے متعلق پالیسی پر عملدرآمد کو مؤثر اور مستقل بنایا جا رہا ہے، بلوچستان اب صرف انسانوں کے لیے نہیں بلکہ جانوروں کے لیے بھی محفوظ صوبہ بنتا جا رہا ہے۔

