پاکستان کے تیل و گیس کے شعبے میں آذربائیجان کی بڑھتی ہوئی دلچسپی نہایت اہم اور حوصلہ افزاء پیش رفت ہے،سینیٹر محمد عبدالقادر

کوئٹہ(این این آئی) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ پاکستان کے تیل و گیس کے شعبے میں آذربائیجان کی بڑھتی ہوئی دلچسپی توانائی کے شعبے میں نہایت اہم پیش رفت ہے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ رابطوں اور توانائی تعاون کے فیصلے اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ آذربائیجان، جو خود تیل و گیس کی پیداوار میں عالمی سطح پر نمایاں مقام رکھتا ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات دیکھ رہا ہے اس تناظر میں بلوچستان ایک ایسا صوبہ ہے جس پر خصوصی توجہ دینا ناگزیر ہو چکا ہے بلوچستان معدنی وسائل، بالخصوص تیل و گیس کے ذخائر سے مالا مال ہے، مگر طویل عرصے سے یہ وسائل مکمل طور پر دریافت اور استعمال میں نہیں لائے جا سکے صوبے کے مختلف علاقوں میں تیل و گیس کے بڑے ذخائر موجود ہیں، جن کی جدید ٹیکنالوجی اور سرمایہ کاری کے ذریعے تلاش ممکن ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ آذربائیجان کے پاس نہ صرف تیل و گیس کی دریافت اور کنووں کی کھدائی کے شعبے میں وسیع تجربہ ہے بلکہ جدید تکنیکی مہارت بھی موجود ہے، جو بلوچستان کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے اگر آذربائیجان بلوچستان میں تیل و گیس کی تلاش اور پیداوار کے منصوبوں پر توجہ مرکوز کرتا ہے تو اس سے مقامی معیشت کو نمایاں فائدہ پہنچے گا بلوچستان بھر میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی ہوگی اور صوبے میں معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کو توانائی کے بحران پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی اس تعاون کی کامیابی کے لیے شفاف پالیسیوں، مقامی آبادی کی شمولیت اور سکیورٹی کی مؤثر صورتحال کو یقینی بنانا ہوگا، تاکہ آذربائیجان کی سرمایہ کاری نہ صرف توانائی کے شعبے کو مضبوط کرے بلکہ بلوچستان کے عوام کی ترقی کا ذریعہ بھی بنے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں