کوئٹہ(این این آئی) رکن بلوچستان اسمبلی پی۔بی 44 اور پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما میر عبید گورگیج کی خصوصی ہدایات پر حلقے میں ترقیاتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ظہور آباد، قمبرانی روڈ، جہلم کاریز کلی جیو، کلی ابراہیم زئی سبزل روڈ، غفور ٹاؤن خیر آباد، تاجک آباد، عیسیٰ نگری، کلی لوہڑ کاریز اور دیگر علاقوں میں سیوریج سسٹم کی بہتری، سڑکوں کی تعمیر و بلیک ٹاپنگ، ٹف ٹائل بچھانے، اور بجلی کے ٹرانسفارمر نصب کرنے جیسے اہم منصوبوں پر کام دن رات جاری ہے۔ میر عبید گورگیج کی ہدایت پر میر ثناء اللہ جتک، میر ابرار جعفر، میر لعل محمد جتک، شیر احمد بنگلزئی اور طارق سرپرہ پر مشتمل ٹیم نے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ٹیم نے متعلقہ منصوبوں کے معیار، رفتار اور عوامی ضروریات کے مطابق تکمیل کے امور کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ٹیم نے علاقے کے مکینوں سے ملاقاتیں بھی کیں۔ مکینوں نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی۔بی 44 میں اس سطح کے ترقیاتی کام پہلے کبھی نہیں دیکھے گئے۔ انہوں نے سیوریج اور سڑکوں کی بہتری، بجلی کے نظام میں استحکام اور دیگر منصوبوں پر گہری خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے میر عبید گورگیج کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ عوام کا کہنا تھا کہ میر عبید گورگیج نے حقیقی معنوں میں حقِ نمائندگی ادا کر کے عوام کے دل جیت لیے ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کا معیار اور رفتار اس بات کا ثبوت ہے کہ پی۔بی 44 میں ترقی کا نیا باب شروع ہو چکا ہے۔ مکینوں نے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ میر عبید گورگیج کے ساتھ رہیں گے کیونکہ انہوں نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ عوام کے نمائندے ہی نہیں بلکہ ان کے خدمت گزار بھی ہیں۔

