بلوچستان کے کھیل کے میدان پھر آباد ہو رہے ہیں، صوبے میں فٹبال سرگرمیوں میں اضافہ خوش آئند ہے،میرسرفراز بگٹی

کوئٹہ(این این آئی)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے کھیل کے میدان ایک بار پھر آباد ہو رہے ہیں اور صوبے میں فٹبال سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ خوش آئند امر ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور کھیلوں کے فروغ کے ذریعے ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ 63 فٹبالرز کی بین الاقوامی معیار کی تربیت کے لیے 6 رکنی غیر ملکی کوچنگ ٹیم کوئٹہ پہنچ چکی ہے، جو جدید اور پروفیشنل خطوط پر تربیتی سیشنز کا انعقاد کرے گی۔ اس تربیتی پروگرام میں 12 خواتین کھلاڑیوں کی شمولیت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے میدان میں بھی خواتین کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ غیر ملکی کوچز کی نگرانی میں ہونے والی یہ جدید ٹریننگ نہ صرف فٹبالرز کی فنی صلاحیتوں میں اضافہ کرے گی بلکہ ان کے حوصلے، اعتماد اور پیشہ ورانہ مہارتوں کو بھی نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے مطابق تیار کر کے انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرایا جائے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لیے بھرپور سرمایہ کاری کر رہی ہے، تاکہ بلوچستان کے کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نہ صرف صحت مند معاشرے کی علامت ہیں بلکہ نوجوانوں کے روشن مستقبل کی ضمانت بھی ہیں، اور حکومت اس شعبے میں اصلاحات اور ترقی کا عمل مزید تیز کرے گی انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جاری تربیتی پروگرام صوبے میں فٹبال کے فروغ اور کھیلوں کے مجموعی ماحول کو بہتر بنانے میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں